بھٹکل:۱۸/ستمبر (ایس او نیوز) قریب دو سالوں سے بیماری کے سبب خاموشی اختیار کرنے کے بعد سابق وزیر شیوانندنائک نے مائک کے سامنے کھڑے ہوکر بات کرنے کی جرأت کی ہے۔ اتوار کو شرالی کے شاردا ہولے مندر ہال میں منعقدہ بی جے پی کی تعلقہ ایگزکیٹیو میٹنگ کا افتتاح کرتے ہوئے پارٹی کو مستحکم کرنے کی بات کہی ہے۔ شیوانند نائک کا دوبارہ میدان میں نظر آنا اس بات کی علامت ہے کہ بھٹکل کا انتخابی میدان آہستہ سے سیاسی اکھاڑے کو گرمانا شروع کیا ہےوہیں گیس ٹربل سے مشکلات میں پھنستی جارہی بی جے پی کو ایک متبادل حل ملنے کے امکانات بھی نظر آرہے ہیں۔
گذشتہ لوک سبھا انتخابات میں کہیں کہیں نظر آنے کے بعد شیوانند نائک گرام پنچایت، ودھان پریشد، تعلقہ پنچایت ، ضلع پنچایت انتخابات سے دور ہی تھے، بی جے پی کے عوامی جلسوں میں بھی ان کی شرکت نہیں ہورہی تھی ، جس کی بنا پر یہ کہا جارہا تھا کہ شیوانندنائک سیاست سے ریٹائرڈ لیں گے۔ لیکن حالیہ کچھ دنوں سے ان کی طبیعت میں سدھار کی باتیں سننے میں آرہی تھیں لیکن کوئی اس طرف دھیان نہیں دے رہاتھا۔ البتہ حال ہی میں جب سابق وزیرا علیٰ یڈیورپا بھٹکل پہنچے تھے تو ان کے ساتھ ڈائس پردیکھ کر ہر کسی کو تعجب ساہوا تھا، لیکن وہاں بھی انہوں نے کوئی بات نہیں تھی۔ اب انہوں نے بات کرنا شروع کیا ہے تو یہ صرف ان کے لئے نہیں بلکہ بی جے پی کے لئے بھی ایک خوش خبری ہوسکتی ہے۔ اتوار کو منعقد ہوئی میٹنگ میں دو تین مرتبہ رک رک کر اپنی بات آگے بڑھاتے ہوئے شیوانند نائک نے کہاکہ بھٹکل کی بی جے پی میں بہت سارے نئے چہروں کی آمد ہوئی ہے، نوجوان سامنے کی صف میں کھڑے ہوئے ہیں، ریاست، ضلع اور بھٹکل میں بی جے پی کے لئے بہتر ماحول ہے، لیکن اس کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔ بھٹکل بی جے پی صدر راجیش نائک نے بھی خطاب کیا۔ سابق ضلع صدر ایم جی نائک، گوندنائک، امیش نائک، ایشور دوڈمنے ، ناگماماستی گونڈ، سویتاگونڈ، کاویری دیواڑیگا، سبرائے ہیبلے وغیرہ موجود تھے۔